ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں 61 رنز کی شکست کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ پر شدید برہم ہو گئے اور انہوں نے سینئر کرکٹرز کو ٹیم سے باہر بٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔
شاہد آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم نے متعدد بنیادی غلطیاں کیں اور مجموعی طور پر کارکردگی مایوس کن رہی، جبکہ ان کے بقول بھارت جیت کا حقدار تھا۔ انہوں نے کپتان سلمان علی آغا کی حکمت عملی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کے کئی فیصلے سمجھ سے بالاتر تھے۔
انہوں نے خاص طور پر اسپنر عثمان طارق کے استعمال پر تنقید کی اور کہا کہ جو کھلاڑی ٹیم کا ٹرمپ کارڈ تھا اسے 10 اوورز تک استعمال ہی نہیں کیا گیا، جو میچ کی صورتحال کے لحاظ سے ایک بڑی حکمت عملی کی غلطی تھی۔
شاہد آفریدی نے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی باؤلنگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ابتدائی اوورز میں رنز دینے کے باوجود انہیں آخری اوور تھما دیا گیا، حالانکہ ٹیم کے پاس فہیم اشرف کا متبادل موجود تھا۔
سابق کپتان نے کہا کہ اگر فیصلے ان کے اختیار میں ہوتے تو وہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو ٹیم سے باہر بٹھا کر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیتے۔ ان کے مطابق سینئر کھلاڑی طویل عرصے سے ٹیم کا حصہ ہیں لیکن بڑی ٹیموں کے خلاف وہ توقعات پر پورا نہیں اتر رہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے تاکہ ٹیم میں نئی توانائی آئے اور کارکردگی بہتر ہو سکے۔
اسی طرح سابق کپتان محمد یوسف نے ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں سینئر کھلاڑی مکمل طور پر ناکام رہے اور ٹیم میں لڑنے کی وہ روح نظر نہیں آئی جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ ان کے مطابق مسلسل ناقص کارکردگی کے باوجود انہی کھلاڑیوں پر انحصار کرنا ٹیم کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ہے۔
سابق کپتان محمد یوسف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ "شاہین، بابر اور شاداب کا وقت ختم ہو چکا ہے” اور اب پاکستان کو کمزور ٹیموں کے خلاف محض رسمی فتوحات نہیں بلکہ نئے اور مستقل پرفارمرز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیم میں فوری طور پر نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کر کے نئے کمبی نیشن کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔
واضح رہے کہ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس شکست کے بعد نہ صرف ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے بلکہ سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات بھی خطرے میں پڑ گئے ہیں۔