آبنائے ہرمز میں ایرانی بحری مشقیں شروع، اسٹریٹجک علاقے میں دفاعی تیاریوں کا مظاہرہ

0

تہران – ایران کی پاسدارانِ انقلاب بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ’’اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز‘‘ کے عنوان سے بڑے پیمانے پر بحری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے، جسے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مشقوں کی نگرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد بحری یونٹس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا، کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کو مؤثر بنانا اور ممکنہ فوجی خطرات کی صورت میں فوری ردعمل کی صلاحیت کو پرکھنا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مشقیں نہ صرف آبنائے ہرمز بلکہ خلیج فارس اور بحیرۂ عمان کے حساس سمندری علاقوں میں بھی کی جا رہی ہیں، جہاں ایران نے اپنی دفاعی حکمت عملی، سمندری نگرانی، میزائل و ڈرون صلاحیت اور ساحلی دفاعی نظام کا عملی مظاہرہ شامل کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی توانائی سپلائی کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل ہوتی ہے، اس لیے اس علاقے میں کسی بھی قسم کی فوجی سرگرمی عالمی منڈیوں اور خطے کی سلامتی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

یہ مشقیں ایسے وقت میں شروع ہوئی ہیں جب خلیج میں فوجی نقل و حرکت میں اضافہ اور ایران و امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث اس اسٹریٹجک آبی گزرگاہ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ایران اس کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیت اور سمندری کنٹرول کا پیغام دینا چاہتا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.