ایران جوہری مذاکرات: امریکی ریڈ لائنز پر ڈیڈ لاک برقرار، جے ڈی وینس

0

واشنگٹن – امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کا دوسرا دور بعض پہلوؤں سے تعمیری رہا، تاہم تہران اب بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقرر کردہ اہم ریڈ لائنز پر بات چیت کے لیے تیار نہیں۔

ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ امریکا کی اولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام آپشنز میز پر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیشرفت کے باوجود بعض بنیادی نکات پر اختلاف برقرار ہے جس کے باعث مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔

نائب امریکی صدر کے مطابق ایران کے لیے امریکی شرائط پر عمل درآمد ناگزیر ہے، تاہم انہوں نے ان ریڈ لائنز کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق ممکنہ معاہدے کے مسودے پر کام کرنے پر متفق ہوئے ہیں اور مسودوں کے تبادلے کے بعد مذاکرات کے اگلے مرحلے کا تعین کیا جائے گا۔

جے ڈی وینس نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ سفارتکاری ناکام ہونے کی نوبت نہیں آئے گی، تاہم انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کریں گے کہ مذاکرات کو ختم سمجھا جائے یا نہیں۔

ادھر جنیوا میں ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی، پابندیوں کے معاملے اور جوہری پروگرام کی حدود جیسے اہم نکات زیر بحث ہیں، مگر تاحال کسی حتمی پیشرفت کا اعلان نہیں کیا گیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.