پاکستان سپورٹس بورڈ ملازمین کا اسپورٹس الاؤنس کی عدم ادائیگی پر 25 فروری سے تالہ بندی کا اعلان

0

اسلام آباد – پاکستان سپورٹس بورڈ کے ملازمین نے منظور شدہ اسپورٹس الاؤنس نہ ملنے کے خلاف 25 فروری سے دفاتر کی تالہ بندی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یکم نومبر 2025 سے تمام سرکاری اداروں میں 85 فیصد ہاؤس ہائرنگ الاؤنس پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے تاہم پاکستان سپورٹس بورڈ میں تاحال اس حکم پر مکمل عمل نہیں ہو سکا، جس پر ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق گریڈ 17 سے 20 تک کے افسران کو اسپورٹس الاؤنس کی ادائیگی شروع کر دی گئی ہے جبکہ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین اس سہولت سے محروم ہیں۔ اس تفریق کے خلاف پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین نے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ کو تین خطوط ارسال کیے جن میں فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ابتدا میں 50 فیصد اسپورٹس الاؤنس دینے پر آمادہ ہوئی تھی لیکن بعد ازاں اسے کم کر کے 20 فیصد کرنے کی پیشکش کی گئی جسے ملازمین نے مسترد کرتے ہوئے معاملہ نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن میں اٹھا دیا۔

عدالت نے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی کہ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کو اسپورٹس الاؤنس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تاہم عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہونے کی صورت میں ملازمین نے 25 فروری سے دفاتر کی تالہ بندی کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ 2024 میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے بورڈ اجلاس میں گریڈ ایک سے 20 تک تمام ملازمین کے لیے 150 فیصد اسپورٹس الاؤنس اور 85 فیصد ہاؤس ہائرنگ الاؤنس کی منظوری دی گئی تھی، مگر نچلے گریڈ کے ملازمین کو تاحال اس کا مکمل فائدہ نہیں مل سکا۔

ملازمین کا مؤقف ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.