پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی کپتان عماد پر پابندی لگانے کے بعد مستعفی، پی ایس بی پر سنگین الزامات
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے۔ انہوں نے بدانتظامی کا ذمہ دار پاکستان اسپورٹس بورڈ کو قرار دیتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ہاکی کھیلنے پر دو سال کی پابندی کا اعلان بھی کیا۔
طارق بگٹی کے مطابق پرو ہاکی لیگ کے لیے فنڈز پاکستان اسپورٹس بورڈ کے پاس تھے اور بورڈ انتظامی معاملات سنبھالنے میں ناکام رہا، جس کے باعث دورۂ آسٹریلیا کے دوران قومی ٹیم کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں ہوٹل بکنگ کے لیے رقم بروقت ادا نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کو مشکلات پیش آئیں اور پی ایس بی کی جانب سے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کے پاس اتنے وسائل نہیں تھے کہ وہ تمام انتظامات خود کر سکتی، تاہم اس کے باوجود ٹیم کی عالمی رینکنگ 18 سے بہتر ہو کر 13ویں پوزیشن پر آئی جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں قومی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں قومی ہاکی ٹیم کو غیر معیاری رہائش اور انتظامی مسائل کا سامنا کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں، جس کے بعد فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے درمیان ذمہ داری کے تعین پر تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔