شہزادہ اینڈریو عوامی عہدے میں بدانتظامی کے شبے میں گرفتار، برطانوی شاہی خاندان کو بڑا دھچکا
ندن – برطانیہ کے بادشاہ کے چھوٹے بھائی شہزادہ اینڈریو کو عوامی عہدے میں بدانتظامی کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کے بعد برطانوی شاہی خاندان کو اپنے دورِ حکومت کے بڑے اسکینڈل کا سامنا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ٹیمز ویلی پولیس کے اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ پولیس نے اس ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ ان الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ سابق تجارتی ایلچی کے طور پر کام کرتے ہوئے انہوں نے امریکی مجرم جیفری ایپسٹین کو خفیہ سرکاری دستاویزات فراہم کیں۔
پولیس کے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل اولیور رائٹ نے کہا ہے کہ مکمل جائزے کے بعد باضابطہ تحقیقات شروع کی گئی ہیں اور عوامی دلچسپی کے پیشِ نظر مناسب وقت پر مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق گرفتاری کا مطلب جرم ثابت ہونا نہیں بلکہ معقول شبہ کی بنیاد پر تفتیش کا آغاز ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق غیر نشان زدہ پولیس گاڑیاں اور سادہ لباس اہلکار مشرقی انگلینڈ میں واقع سینڈرنگھم اسٹیٹ کے ووڈ فارم پہنچے جہاں شہزادہ اینڈریو رہائش پذیر ہیں، جبکہ برک شائر میں ایک اور جائیداد کی تلاشی بھی لی گئی۔
یہ کیس اس وقت سامنے آیا جب امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے ایپسٹین سے متعلق لاکھوں صفحات پر مشتمل دستاویزات جاری کی گئیں جن میں مبینہ طور پر یہ تاثر دیا گیا کہ 2010 میں سرکاری دوروں کے حوالے سے رپورٹس انہیں فراہم کی گئیں۔ تاہم شہزادہ اینڈریو ماضی کی طرح کسی بھی غیر قانونی عمل میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے ہیں اور ایپسٹین سے تعلق پر افسوس کا اظہار کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 2019 میں ایپسٹین اسکینڈل کے بعد انہیں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونا پڑا تھا جبکہ 2022 میں انہوں نے ایک امریکی شہری کے دیوانی مقدمے کو عدالت سے باہر نمٹا دیا تھا۔ موجودہ پولیس تفتیش کا تعلق جنسی الزامات سے نہیں بلکہ مبینہ سرکاری معلومات کے غلط استعمال سے ہے۔
کنگ چارلس سوم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ صورتحال پر گہری تشویش رکھتے ہیں اور قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنے دیا جائے گا، شاہی خاندان تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گا۔
قانونی ماہرین کے مطابق عوامی عہدے میں بدانتظامی کا جرم ثابت ہونے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید ہو سکتی ہے اور مقدمہ کراؤن کورٹ میں چلایا جائے گا، تاہم اس مرحلے پر کوئی فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔