پی ایس بی نے پی ایچ ایف کے الزامات مسترد کر دیے، ویزا تاخیر کو اصل وجہ قرار
اسلام آباد — پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں گمراہ کن اور ریکارڈ کے منافی قرار دے دیا ہے۔
پی ایس بی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے اپنی تمام مالی ذمہ داریاں بروقت اور مکمل طور پر ادا کیں، جبکہ انتظامی اور آپریشنل بے ضابطگیاں فیڈریشن کی سطح پر سامنے آئیں۔
اعلامیے کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کی آسٹریلیا روانگی 2 فروری 2026 کو طے تھی، تاہم پی ایچ ایف کی جانب سے ویزا درخواستیں تاخیر سے اور غلط معلومات کے ساتھ جمع کرانے کے باعث ٹیم بروقت روانہ نہ ہو سکی اور دورہ منسوخ کرنا پڑا۔
پی ایس بی نے کہا کہ صورتحال پیدا ہونے پر فوری مداخلت کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کے ذریعے معاملہ آسٹریلین ہائی کمیشن کے ساتھ اٹھایا گیا تاکہ ویزا کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔
بورڈ کے مطابق تمام دستیاب شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ دورہ متاثر ہونے کی بنیادی وجہ فیڈریشن کی انتظامی کوتاہیاں تھیں، نہ کہ فنڈز کی عدم فراہمی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ایچ ایف میں بدانتظامی کے معاملے پر صدر طارق بگٹی اور سیکریٹری رانا مجاہد مستعفی ہو چکے ہیں اور حکومت کی جانب سے ممکنہ تحقیقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔