ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: بنگلادیش نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، پوری ٹیم 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی
بینکاک — ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلادیش ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 54 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے، کپتان فہیمہ خاتون 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے حفصہ خالد نے 2 جبکہ وحیدہ اختر، مومنہ ریاست، انوشہ ناصر اور عمائمہ سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ایونٹ کے کم ترین اسکور 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شول ذوالفقار 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ یسریٰ عامر اور کپتان حفصہ خالد 11، 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
بنگلادیش کی جانب سے سنجیدہ اختر نے 3، فہیمہ خاتون نے 2 جبکہ فریحہ ترسنا، فاطمہ جہاں اور فرجانہ آسمین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں بھارت ویمنز کرکٹ ٹیم نے سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
فائنل میں اب بنگلادیش کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔