امریکا–ایران کشیدگی پر اقوامِ متحدہ کو تشویش، سفارت کاری پر زور
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش لاحق ہے۔
سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں فوجی نقل و حرکت، جنگی مشقوں اور بحری موجودگی میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ نے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اختلافات کو طاقت کے بجائے سفارت کاری کے ذریعے حل کریں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
دوسری جانب ایران نے اقوامِ متحدہ کو ارسال کیے گئے ایک خط میں واضح کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کی صورت میں وہ اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور اس کے نتائج کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔