ایف آئی اے امیگریشن کی کراچی ائرپورٹ پرکارروائی،غیر قانونی سفر کی کوشش میں مسافر گرفتار
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک غیر قانونی سفر کی کوشش میں ڈی پورٹ ہونے والے مسافر کو وطن واپسی پر گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اےحکام کے مطابق مسافر کی شناخت چارسدہ کے رہائشی محمد عدنان کے طور پر ہوئی ہے، جو ملائیشیا کے راستے آسٹریلیا جانے کی کوشش میں ناکام ہو گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہےکہ محمد عدنان نے ایجنٹ اکبر خان کی معاونت سے ملائیشیا سے انڈونیشیا کا بارڈر غیر قانونی طور پر عبور کیا۔ مسافر نے ایجنٹ کو سمندری راستے سے آسٹریلیا پہنچانے کے عوض 5 ہزار امریکی ڈالر ادا کیے۔
ایف آئی اے کےمطابق انڈونیشیا میں غیر قانونی قیام کے دوران مقامی پولیس نے محمد عدنان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔ سزا مکمل ہونے کے بعد مسافر کو پاکستان ڈی پورٹ کردیا گیا،جہاں کراچی ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے اسے تحویل میں لے لیا۔