جنیوا – اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستان نے بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتکار عدیل ممتاز کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات، آبادی کے تناسب میں تبدیلی یا انتخابی انجینئرنگ کے ذریعے کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے انکار ممکن نہیں۔
پاکستانی سفارتکار کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں اقوام متحدہ کے ریکارڈ کا حصہ ہیں اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر مجبور کرے۔
انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق نکالا جانا چاہیے۔