ڈنمارک میں پارلیمانی انتخابات 24 مارچ کو ہوں گے، وزیراعظم میٹی فریڈرکسن کا اعلان
کوپن ہیگ – ڈنمارک کے وزیراعظم میٹی فریڈرکسن نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات 24 مارچ کو ہوں گے۔
شنہوا کے مطابق فریڈرکسن نے پارلیمنٹ فولکٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرز آئندہ چار سالوں میں ڈنمارک کی پالیسیوں اور سمت کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ ان انتخابات کے ذریعے 179 رکنی پارلیمنٹ تشکیل دی جائے گی، جس میں گرین لینڈ اور فیرو جزائر کی نمائندگی کے لیے مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں۔
ڈنمارک میں انتخابی قوانین کے مطابق، انتخابی مہم کے پوسٹرز الیکشن سے پہلے چوتھے ہفتے کے ہفتہ کے دن دوپہر 12 بجے سے آویزاں کیے جا سکتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ سیاسی جماعتیں اس ہفتے کے ہفتہ سے باضابطہ طور پر اپنی مہم شروع کر سکیں گی۔
واضح رہے کہ ڈنمارک ایک آئینی بادشاہت ہے جو پارلیمانی نظام کے تحت چلتی ہے۔ وزیرِاعظم فریڈرکسن کے مرکزِ بائیں بازو کے اتحاد نے نومبر 2022 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔