تہران ایران کے نئے سپریم لیڈر Mojtaba Khamenei کے زخمی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے بعد ایرانی حکام نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل محفوظ اور خیریت سے ہیں۔
ایرانی صدر Masoud Pezeshkian کے صاحبزادے اور حکومتی مشیر Yousef Pezeshkian نے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ انہیں بھی ابتدا میں مجتبیٰ خامنہ ای کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی، تاہم بعد ازاں باخبر ذرائع سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ بالکل محفوظ ہیں۔
یوسف پزشکیان نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے ایسے افراد سے رابطہ کیا جن کے متعلقہ حلقوں میں قریبی روابط ہیں اور ان سب نے اس بات کی تصدیق کی کہ مجتبیٰ خامنہ ای خیریت سے ہیں۔
اس سے قبل ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ’’رمضان جنگ‘‘ کا زخمی جانباز قرار دیا تھا، تاہم اس وقت ان کے زخمی ہونے کی نوعیت یا تفصیلات واضح نہیں کی گئی تھیں۔
حالیہ دنوں میں مجتبیٰ خامنہ ای کی عوامی سطح پر غیر موجودگی اور جنگی صورتحال کے باعث بین الاقوامی میڈیا میں ان کے زخمی ہونے سے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں، جس کے بعد حکومتی حلقوں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے ان کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
