چمن بارڈر کے راستے کراچی سے افغانستان واپس جانے والے 70 سالہ افغان شہری گل محمد نے پاکستان میں گزارے گئے اپنے 40 سالہ قیام کو یادگار قرار دیتے ہوئے پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
چمن میں گفتگو کرتے ہوئے گل محمد نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں ایک پُرامن زندگی گزاری اور یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی مثالی رہی۔ انہوں نے بہترین مہمان نوازی پر پاکستانی عوام، حکومت اور سیاست دانوں کو سلوٹ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی مہاجرین ہمارے ملک آتے تو شاید ہم ان کی اس طرح خدمت اور مہمان نوازی نہ کر پاتے، جس طرح پاکستان نے افغان مہاجرین کی کی۔
گل محمد نے مزید کہا کہ جو لوگ پاکستان کے خلاف باتیں کرتے ہیں، ان کا ممکنہ طور پر کوئی ذاتی عناد ہو سکتا ہے، کیونکہ انہوں نے یہاں ہمیشہ مثبت رویہ اور تعاون دیکھا۔
واضح رہے کہ 70 سالہ افغان شہری گل محمد 40 سال پاکستان میں قیام کے بعد اب چمن بارڈر کے راستے اپنے وطن افغانستان روانہ ہو گئے ہیں۔
