وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس دوران مختلف وزارتوں کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ای سی سی کے اجلاس میں پی آئی اے کے واجبات کیلئے 5 ارب 98 کروڑ روپے کی منظوری دیدی گئی، پنشن، تنخواہوں اور میڈیکل ادائیگیوں کیلئے فنڈز جاری ہوں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی عارضی درآمد کی اجازت دینے، گوادر سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کی منظوری دیدی گئی، بجلی کمپنیوں کے معاہدے کا معاملہ مزید غور کیلئے بھیج دیا گیا۔
ای سی سی نے جبری مشقت سے بنی اشیاء کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ کیا ، بلوچستان میں افسران کیلئے 31 کروڑ 10 لاکھ روپے ، نیب کی ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے 37 کروڑ 20 لاکھ روپے اور قومی ہاکی ٹیم کیلئے 3 کروڑ روپے انعام کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں ای سی سی کو مہنگائی کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ضروری اشیاء کی قیمتیں مستحکم ہونا شروع ہوگئیں، ای سی سی اجلاس میں قیمتوں کے استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔
بتایا گیا کہ ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن اور ایل پی جی سستی ہوئیں، چینی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان ہے،انڈے، چکن، دالیں، گھی اور دودھ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا، حساس قیمتوں کے اشاریہ میں کمی کا رجحان جاری ہے۔
