وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر کے درمیان ملاقات ہوئی۔ پاکستان اور تاجکستان نے تجارت اور ٹرانزٹ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر تجارت نے علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے سہولت کاری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے لاجسٹکس نظام کی بہتری اور متبادل تجارتی راستوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مربوط تجارتی راہداری کے قیام کو اہم قرار دیتے ہوئے نجی شعبے کے روابط بڑھانے کے لیے بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز بھی دی۔
تاجک سفیر نے پاکستان کے علاقائی روابط کے اقدامات کو سراہتے ہوئے سستے اور قابل اعتماد ٹرانزٹ روٹس کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ تاجکستان اضافی توانائی پاکستان کو برآمد کر سکتا ہے جبکہ ایلومینیم کی تجارت اور صنعتی تعاون کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔
دونوں ممالک نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے پلیٹ فارم کو مزید موثر بنانے اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ لاجسٹکس حب اور جدید ٹرانسپورٹ نظام سے خطے میں روابط مزید مضبوط ہوں گے جبکہ چین کے ساتھ تعاون کو بھی علاقائی روابط کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
اس کے علاوہ متعدد تجارتی راستوں کو فعال رکھنے اور برآمدی و درآمدی اداروں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کی تجاویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔
