جے شاہ کی زیر صدارت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اہم بورڈ میٹنگ رواں ماہ بھارت میں منعقد ہوگی، جہاں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فارمیٹ میں ممکنہ بڑی تبدیلیوں پر غور کیا جائے گا۔
کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق آئی سی سی بورڈ اجلاس 30 اور 31 مئی کو بھارتی شہر احمد آباد میں ہوگا، جس میں عالمی کرکٹ کے اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی کی اجلاس میں ورچوئل شرکت متوقع ہے، جبکہ مختلف رکن ممالک کے نمائندے بھی اہم فیصلوں میں حصہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شریک ٹیموں کی تعداد 9 سے بڑھا کر 12 کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔ اس تجویز کے تحت Zimbabwe، Ireland اور Afghanistan کو بھی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل کرنے پر غور کیا جائے گا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو عالمی ٹیسٹ کرکٹ کو مزید وسعت ملے گی اور چھوٹے ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کو بھی بڑے مقابلوں میں مستقل مواقع حاصل ہوں گے۔
اجلاس میں مستقبل کے ایف ٹی پی، مالی معاملات، عالمی ایونٹس اور کرکٹ کے فروغ سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔
