پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ Momina Iqbal اور Saqib Chadhar کے درمیان قانونی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں اداکارہ نے ایم پی اے کے خلاف تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مومنہ اقبال اپنے وکلاء کے ہمراہ تھانہ چوہنگ پہنچیں اور انہوں نے ثاقب چدھڑ کے خلاف جان سے مارنے کی دھمکیوں، ہراسانی اور مبینہ بلیک میلنگ کے الزامات عائد کیے۔
درخواست کی منظرِ عام پر آنے والی کاپی کے مطابق اداکارہ نے مؤقف اختیار کیا کہ سال 2022 میں ثاقب چدھڑ نے انہیں شادی کی پیشکش کی تھی، تاہم بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ ایم پی اے پہلے سے دو شادیاں کر چکے ہیں، جس کے بعد انہوں نے ان سے رابطہ ختم کر دیا۔
مومنہ اقبال کے مطابق تعلق ختم ہونے کے بعد ثاقب چدھڑ مشتعل ہو گئے اور مختلف طریقوں سے انہیں ہراساں کرنے کے ساتھ جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے لگے۔
درخواست میں یہ الزام بھی شامل ہے کہ ثاقب چدھڑ کی اہلیہ سمیرہ کی جانب سے بھی اداکارہ کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوتے رہے۔
اداکارہ نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کی شادی طے ہونے کے بعد ملزم نے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی جبکہ ان کی بہن اور منگیتر Hamza Habibi کو بھی دھمکی آمیز پیغامات بھجوائے گئے۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال اس سے قبل بھی National Cyber Crime Investigation Agency (این سی سی آئی اے) میں ثاقب چدھڑ کے خلاف درخواست جمع کرا چکی ہیں اور اپنے شواہد و تحریری بیان بھی ریکارڈ کرا چکی ہیں۔
ایس ایچ او چوہنگ انسپکٹر فہیم امداد کے مطابق درخواست موصول ہو چکی ہے اور مقدمہ درج کرنے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔
