سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 میں دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کی مجموعی تعداد 17 لاکھ 7 ہزار 310 تک پہنچ گئی، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً 2.04 فیصد زیادہ ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 46 ہزار 655 رہی، جبکہ اندرونِ ملک حجاج، جن میں سعودی شہری اور مقیم افراد شامل ہیں، کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 646 ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی حجاج میں:
- مرد حجاج کی تعداد: 8 لاکھ 93 ہزار 396
- خواتین حجاج کی تعداد: 8 لاکھ 13 ہزار 905
اتھارٹی کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج میں:
- فضائی راستے سے: 14 لاکھ 85 ہزار 729
- بری راستے سے: 54 ہزار 429
- بحری راستے سے: 6 ہزار 497
حکام کے مطابق اس سال 165 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے فریضۂ حج ادا کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تقریباً 3 لاکھ 88 ہزار 700 حجاج نے مکہ روٹ انیشیٹو سے فائدہ اٹھایا، جس کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کے سفری اور امیگریشن مراحل کو آسان بنانا ہے۔
حج آپریشنز کے لیے خدمات انجام دینے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 20 ہزار 70 ہو گئی، تاہم رضاکاروں کی تعداد میں تقریباً 22 فیصد کمی دیکھی گئی۔ والینٹیئرز کی تعداد گزشتہ برس 34 ہزار 540 تھی، جو اس سال کم ہو کر 26 ہزار 701 رہ گئی۔
