پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کا داخلہ ٹیسٹ رواں برس 16 اگست کو صبح 10 بجے ملک بھر میں بیک وقت ہو گا۔
پنجاب میں ٹیسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کو تفویض کر دی گئی، سندھ میں سکھر آئی بی اے، خیبر پختونخوا میں ذمہ داری خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے سپرد کی گئی۔
بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ طلبہ کی ذمہ داری سنبھالے گی، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان میں ذمہ داری شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے سپرد کر دی گئی۔
سعودی عرب کے شہر ریاض کے امیدواروں کیلئے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
پبلک نوٹس کے مطابق امیدواروں کی آن لائن رجسٹریشن 22 جون 2026 سے شروع ہو گی، معمول کی فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 8 جولائی 2026 مقرر کی گئی، تاخیر سے رجسٹریشن 13 جولائی 2026 تک کرائی جا سکے گی۔
پی ایم ڈی سی نے پاکستان میں قائم ٹیسٹ سینٹرز کیلئے رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقرر کی ہے، لیٹ رجسٹریشن فیس 13 ہزار روپے ہوگی، بین الاقوامی ٹیسٹ سینٹر کیلئے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے ہے جبکہ بین الاقوامی سنٹر کیلئے لیٹ رجسٹریشن فیس 55 ہزار روپے مقرر کی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی، امیدوار مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن مکمل کریں، امیدوار متعلقہ یونیورسٹیوں کی ویب سائٹس سے مزید تفصیلات حاصل کرتے رہیں۔
