پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے سے قبل پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، کیونکہ قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کو تاحال برطانیہ کا ویزا جاری نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث ان کے انگلینڈ جانے کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عماد شکیل بٹ کے ویزا میں تاخیر یا انکار کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں، جبکہ ٹیم مینجمنٹ کے ایک سینئر رکن کا ویزا بھی ابھی تک جاری نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم 21 جون کو بیلجیم سے انگلینڈ روانہ ہوگی، تاہم عماد شکیل بٹ ٹیم کے ہمراہ سفر نہیں کر سکیں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں ابو بکر کو کپتانی سونپے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق متبادل کپتان کے انتخاب کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی، جبکہ اس حوالے سے باضابطہ اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کیا جائے گا۔
پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کو میزبان انگلینڈ اور روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم مقابلے کھیلنے ہیں۔ اس سے قبل بھی قومی ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا، جب انجری کے باعث حنان شاہد اور سفیان ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
