مری ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مال روڈ پر ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری ہے، جس کے دوران ہل سائیڈ پر قائم دکانیں اور ہوٹل خالی کرا دیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر مری کےمطابق متاثرہ تاجروں کوہدایت کی گئی ہےکہ وہ کل تک اپنا تمام سازوسامان نکال کر جگہ کا قبضہ چھوڑ دیں،مال روڈ آپریشن آئندہ پندرہ روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔
حکام کاکہنا ہےکہ حکومت پنجاب کےاحکامات پر منصوبے کے لیے 20 کنال اراضی ایکوائرکی گئی ہےتاکہ مری ڈیولپمنٹ پلان پرعملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب متاثرہ تاجروں نےآپریشن پرشدیدتحفظات کا اظہارکرتےہوئےکہا ہےکہ حکومت کی جانب سے اب تک کسی قسم کا معاوضہ ادا نہیں کیاگیا،مال روڈ کےکئی تاجر دکانیں خالی کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہو گئے۔
متاثرین کاکہنا ہےکہ حکومتی اقدام سے ان کا روزگار متاثر ہوا ہے، اس لیے انہیں مناسب معاوضہ فراہم کیاجائے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو کسی دوسری جگہ منتقل کر سکیں۔
