اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر تبتی کارکن کی خودسوزی، چین کے خلاف احتجاج میں جان دے دی

امریکا کے شہر نیویارک میں واقع اقوام متحدہ (UN) کے ہیڈکوارٹر کے باہر ایک جلاوطن تبتی شہری نے چین کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خود کو آگ لگا کر جان دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے سے قبل مذکورہ شخص تبت کا قومی پرچم اپنے ہمراہ لایا اور اسے ایک کھمبے پر نصب کیا، جس کے بعد اس نے خود پر آتش گیر مادہ چھڑک کر آگ لگا لی۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے تقریباً ایک منٹ بعد فائر بریگیڈ اور ہنگامی امدادی اہلکار موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پایا، تاہم اس وقت تک وہ شخص شدید جھلس چکا تھا اور زمین پر گر چکا تھا۔

تبتی میڈیا ادارے وائس آف تبت کے مطابق خودسوزی کرنے والے شخص کی شناخت لوبگا رنگزن کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک تبتی کارکن تھے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے خودسوزی سے قبل تبت کی آزادی، قومی اتحاد اور چینی حکمرانی کے خاتمے کے حق میں براہ راست اپیل کی تھی۔

تبت کی جلاوطن پارلیمنٹ کے رکن گونپو دھونڈوپ نے اپنے بیان میں کہا کہ لوبگا رنگزن نے تبت پر چین کے کنٹرول اور تبتی عوام پر مبینہ جبر کے خلاف احتجاج کے طور پر اپنی جان قربان کی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے