پاکستان، بنگلادیش اور سری لنکا کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان ٹی20 ٹرائی سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔سیریز کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستان، بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان ٹرائی سیریز 2 سے 16 اکتوبر تک جاری رہے گی۔تینوں ٹیمیں ٹرپل راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ ہر ٹیم مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے گی۔پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن میچ 16 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹرائی سیریز کے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوں گے۔میچ سے قبل ٹاس صبح 10 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔ فیصل آباد سیریز کے تمام میچز کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی قیادت فضا فیاض کریں گی۔قومی ٹیم ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ میں بنگلادیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔ پاکستان کی نظریں کامیاب آغاز پر ہوں گی۔سیریز میں سری لنکا کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے۔ تینوں ٹیموں کے درمیان مقابلوں سے نوجوان کھلاڑیوں کو اہم تجربہ ملے گا۔
