سعودی عرب نے عالمی سیاحوں کے لیے سفری سہولیات کو مزید آسان بنانے کے مقصد سے ایک نیا ڈیجیٹل "پیکیج ویزا” متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سیاحتی ویزا کی درخواست کو براہ راست فلائٹ اور رہائش کی بکنگ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق اس نئی سروس کا آغاز ابتدائی مرحلے میں منتخب بین الاقوامی مارکیٹوں میں منظور شدہ ٹریول اور ٹورازم سروس فراہم کرنے والوں کے ذریعے کیا جا رہا ہے، جبکہ مستقبل میں اسے عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت غیر ملکی سیاح اب فلائٹ، ہوٹل اور ویزا کے لیے الگ الگ درخواستیں دینے کے بجائے ایک ہی مربوط پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی مکمل سفری منصوبہ بندی مکمل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ صارفین اپنی بکنگ میں مختلف سیاحتی سرگرمیوں، مقامی تجربات اور ایونٹس کے ٹکٹ بھی شامل کر سکیں گے۔
سعودی وزیر برائے سیاحت احمد الخطیب نے اس موقع پر کہا کہ پیکیج ویزا کا اجرا مملکت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے سعودی عرب کا سفر مزید آسان، تیز اور مربوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویزا کے اجرا کو سفری بکنگ کے ساتھ یکجا کرنے سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ سیاحتی صنعت کے مختلف شعبوں کے درمیان تعاون بھی مضبوط ہوگا، جس سے سعودی عرب ایک جدید اور آسان عالمی سیاحتی منزل کے طور پر مزید مستحکم ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد سیاحت کے ذریعے معیشت کو متنوع بنانا اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرنا ہے۔
