شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آئندہ ہفتے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان، چین، روس، ایران سمیت رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کے لیے اگلے ہفتے کرغزستان روانہ ہوں گے۔ ایس سی او وزرائے خارجہ کا اجلاس 24 جولائی کو ہوگا، جبکہ بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی شرکت کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کا ایجنڈا اور اہم امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سربراہی اجلاس اگلے ماہ کے آخر میں بشکیک میں منعقد ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سربراہی اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی شرکت بھی متوقع ہے، جبکہ ایس سی او سربراہی کانفرنس یکم ستمبر کو مشترکہ اعلامیہ جاری کرے گی۔
