نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس نئی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب وزارتِ خارجہ کی قونصلر سروسز پیر سے جمعہ تک صبح 8:00 بجے سے رات 8:00 بجے تک بلا تعطل دستیاب ہوں گی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قونصلر خدمات کے اوقات میں توسیع کا مقصد شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا، انتظار کے دورانیے میں کمی لانا اور خدمات تک رسائی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام کی شفٹ کے آغاز سے پاسپورٹ، دستاویزات کی تصدیق، اٹیسٹیشن اور دیگر قونصلر امور کے لیے آنے والے شہریوں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسانی میسر آئے گی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی خدمات کے نظام کو جدید، مؤثر اور شہری دوست بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور قونصلر سروسز کے اوقات کار میں اضافہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ان اقدامات سے قونصلر خدمات مزید آسان، قابلِ رسائی اور مؤثر ہو جائیں گی، جس سے ملک بھر سے آنے والے شہریوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔
