پنجاب میں دریاؤں کی صورتحال بہتر، مون سون بارشوں کا الرٹ جاری

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں سیلابی صورتحال معمول پر آ چکی ہے، جبکہ شہریوں کو آئندہ چند روز تک ممکنہ بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب کے تمام بیراجوں، دریائے راوی کے تمام ہیڈ ورکس، جبکہ دریائے جہلم اور ستلج میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ دریائے سندھ میں صرف کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 23 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی صورتحال معمول پر ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق نالہ ایک اور بئیں میں نچلے درجے جبکہ وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی جپہ نے کہا کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، جس کے باعث بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشوں سے مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں، جہاں بنیادی سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ موسم اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، جبکہ بچوں کو ہرگز دریاؤں اور برساتی نالوں میں نہانے نہ دیا جائے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے