اسلام آ باد: وزیراعظم شہباز شریف نے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے بلائے گئے اجلاس میں ہدایت دی ہے کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے۔
انہوں نے کہا اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر زرعی ترقیاتی بینک کی توجہ برقرار رہے،کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے مالی وسائل تک رسائی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
اجلاس میں وزارتِ نجکاری کی جانب سے وزیراعظم کو نجکاری پروگرام، مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں نجکاری کے ایجنڈے میں شامل ہیں، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے حوالے سے فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا، پی آئی اے کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل ہوئی۔
