آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے تمام انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو ہونے والی پولنگ مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے مطابق 10 اگست کو پونچھ کے صرف 4 حلقوں میں پولنگ ہوگی، باقی7 حلقوں میں پولنگ کا شیڈول بعد میں جاری ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان سے متعلق تحفظات، بعض سیاسی شخصیات اور امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں، اور متعلقہ اداروں سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو پولنگ نہیں ہوگی، تاہم ضلع باغ کے تین انتخابی حلقوں اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق 10 اگست کو ہی پولنگ منعقد کی جائے گی۔
پریس ریلیز کے مطابق مؤخر کیے گئے حلقوں کے لیے نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ انتخابی شیڈول کا اعلان بعد ازاں حالات کا جائزہ لینے اور تمام متعلقہ امور کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
