نادرا کی جانب سے جعلی اور مشکوک شناختی دستاویزات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پنجاب میں مزید 741 مشکوک شناختی کارڈ ہولڈرز کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔ واضح کیا گیا کہ 15 دن میں پیش نہ ہونے والوں کے شناختی کارڈ بلاک کر دیئے جائیں گے۔ افغان مہاجرین کی جانب سے غیرقانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈز بنوانے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔
نادرا ریجنل ہیڈکوارٹر نے پنجاب میں مشکوک شناختی کارڈز رکھنے والے مزید 741 افراد کی ابتدائی فہرست جاری کر دی، جنہیں نوٹسز بھی بھجوائے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق مشکوک شناختی کارڈ رکھنے والوں میں ضلع جہلم اور مختلف تحصیلوں کے افراد شامل ہیں۔ تمام افراد کو پندرہ دن کے اندر متعلقہ نادرا زونل آفس میں پیش ہونے اور تمام ضروری دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت میں پیش نہ ہونے والے افراد کے شناختی کارڈ بلاک کر دیئے جائیں گے، جبکہ مشکوک افراد اور ان کے اہلخانہ کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔
نادرا کے کریک ڈاؤن کے دوران افغان مہاجرین کی جانب سے غیرقانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈز بنوانے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
