یومِ آزادی کے موقع پر بلوچی زبان میں خوبصورت ملی نغمہ ’’پاک اے وطن‘‘ ریلیز کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کی آمد کے موقع پر بلوچستان سے پیش کیے گئے خوبصورت اور حب الوطنی سے بھرپور نغمے کو سراہتے ہوئے فنکاروں اور اس شاندار کاوش میں شامل تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یومِ آزادی پر بلوچستان سے خوبصورت اور حب الوطنی سے بھرپور نغمے نے دل جیت لیے، بلوچستان سے آئے ملی نغمے نے وطن سے محبت کا جذبہ خوبصورت اجاگر کردیا، نغمے میں پاکستان سے محبت اور قومی جذبے کی خوبصورت عکاسی کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے فنکاروں نے وطن سے محبت کا خوبصورت اظہار کیا، بلوچی زبان میں ملی نغمے نے یومِ آزادی کی خوشیاں دوبالا کر دیں، یہ نغمہ پاکستان سے محبت کے جذبے کی بہترین ترجمانی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ ملی نغمے میں وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مشہور بلوچ گلوکار اختر چنال نے اپنے مخصوص روایتی انداز اور جوشیلے بلوچی بولوں کے ذریعے پاک سرزمین سے والہانہ عشق کی عکاسی کی ہے۔
ملی نغمہ میں اس عزم کا اظہار ہے کہ ہمارا پیارا پاکستان صرف ایک جغرافیہ نہیں بلکہ ہماری پہچان ہے جس کے لیے جان بھی قربان ہے۔ ملی نغمہ میں پاک وطن سے محبت کی یہ گونج ملک کے کونے کونے میں اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کا روشن پیغام عام کرتی ہے۔
