وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف کا جدید نظام متعارف کرادیا، جس کے لیے بائیو میٹرک اور چہرے کی تصدیق کے لیے سہولت مفت ہوگی۔
ترجمان نادرا کے مطابق پنشنرز اب گھر بیٹھے پاک آئی ڈی سے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں، موبائل ایپ استعمال نہ کرنے والے پنشنر کے خاندان کا کوئی فرد سرٹیفکیٹ بنوا سکتا ہے، پروف آف لائف کی مفت سہولت 5 ہزار ای سہولت فرنچائزز پر بھی دستیاب ہے۔
بیان کے مطابق 988 نادرا مراکز اور 500 یونین کونسلز سے بھی سرٹیفکیٹ مفت بنوایا جا سکتا ہے، نادرا مراکز اور یونین کونسلز میں پنشنرز کو ترجیحی بنیاد پر خدمات فراہم کی جائیں گی، نادرا نے سی جی اے اور ایم اے جی کے پنشنرز کے لیے نیشنل پنشنرز رجسٹر قائم کر دیا، یہ رجسٹر پنشنر کی شناخت اور پروف آف لائف سٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق کا مستند ذریعہ ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق پنشنر کی وفات ڈیتھ نوٹیفکیشن ٹول یا سی آر ایم ایس میں درج ہونے پر پنشن کنٹرولر کو اطلاع مل جائے گی، ثانوی یا فیملی پنشنرز کی عمر یا ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کی بھی اطلاع دی جائے گی۔
بیان کے مطابق پنشن جاری رکھنے، تبدیل کرنے یا بند کرنے کا فیصلہ متعلقہ مجاز پنشن اتھارٹی کرے گی، مجاز بینک نیشنل پنشنرز رجسٹر سے پنشنر کا پروف آف لائف سٹیٹس براہ راست چیک کر سکیں گے، ڈیجیٹل تصدیق سے پنشن کے لیے بار بار ذاتی حاضری اور کاغذی تصدیق کی ضرورت کم ہوگی، دیگر سرکاری اور نجی اداروں کے پنشنرز کو بھی نیشنل پنشنر رجسٹر میں شامل کیا جائے گا۔
