سندھ کابینہ کا بڑا فیصلہ؛ پاسکو سے 2 لاکھ 23 ہزار ٹن سے زائد گندم خریدنے کی منظوری

کراچی: سندھ کابینہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پاسکو سے 2 لاکھ 23 ہزار ٹن سے زائد گندم خریدنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں گندم سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، جس میں سندھ کابینہ نے پاسکو سے 2 لاکھ 23 ہزار 455 میٹرک ٹن گندم خریدنے اور صوبے میں گندم کے ذخائر مضبوط بنانے کے لیے جامع منصوبے کی منظوری دے دی۔

سندھ حکومت ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ذریعے 3 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم خریدے گی۔ سندھ کابینہ نے ٹی سی پی کے ذریعے درآمدی گندم کی خریداری کی منظوری دی، جبکہ پاسکو سے خریدی جانے والی گندم کی ترسیل کے انتظامات بھی منظور کرلیے گئے۔

پاسکو سے حاصل ہونے والی ایک لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن گندم کراچی منتقل کی جائے گی، جبکہ 30 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم حیدرآباد اور جامشورو منتقل کی جائے گی۔ شہید بینظیرآباد اور سانگھڑ کے پاسکو گوداموں میں موجود گندم کا ذخیرہ برقرار رکھا جائے گا۔

 

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاسکو کے موجودہ ذخائر سے شہید بینظیرآباد اور میرپورخاص ڈویژنز کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔ محکمہ خزانہ گندم کی خریداری کے لیے 23 ارب 13 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کرچکا ہے، جبکہ گندم کی ترسیل کے اخراجات کے لیے 2 ارب روپے پہلے ہی جاری کیے جاچکے ہیں۔

 

سندھ کابینہ نے درآمدی گندم کی خریداری کے لیے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، ٹی سی پی اور سندھ حکومت کے درمیان سہ فریقی معاہدے کی منظوری دے دی۔ درآمدی گندم کی خریداری کے لیے سندھ بینک سے کموڈیٹی فنانسنگ کے ذریعے پیشگی ادائیگیوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔

کابینہ نے درآمدی گندم کے لیے باردانہ یعنی پی پی بیگز خریدنے کی منظوری بھی دے دی۔ بندرگاہ سے درآمدی گندم اٹھانے کا یومیہ ہدف 5 ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خوراک کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو درآمدی گندم کی حتمی لینڈڈ کاسٹ منظور کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔

فیصلے کے مطابق اضافی مالی ذمہ داری عائد کرنے سے قبل درآمدی گندم کی حتمی لاگت کی منظوری فوڈ سب کمیٹی دے گی۔ سندھ کابینہ نے جامعہ کراچی کے محکمہ فوڈ سائنس کی تجویز کردہ گندم کے معیار کی بھی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گندم کے ذخائر مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی بلاتعطل دستیابی اور اسٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنا حکومت کی ترجیح ہے۔ گندم کی خریداری اور درآمد کا مقصد صوبے میں غذائی تحفظ یقینی بنانا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں گندم کی وافر دستیابی اور غذائی تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے