الیکشن کمیشن نے دو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کردی جس کے بعد سیاسی جماعتوں کی تعداد 159 ہوگئی۔
الیکشن کمیشن کا غیر فعال سیاسی جماعتوں کے خلاف ایکشن جاری ہے، الیکشن کمیشن نے پاکستان فریڈم موومنٹ اورپاکستان تحریک اتحاد کو ڈی لسٹ کردیا۔ دونوں سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر ڈی لسٹ کیا گیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن میں عوام پاکستان پارٹی کو ڈی لسٹ کے خلاف شاہد خاقان عباسی کی اپیل پر سماعت ہوئی، شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے7 جنوری کو60 روزمیں انٹرا پارٹی الیکشن کرانےکا حکم دیا، اسی مدت میں پارٹی الیکشنز کرا کر ریکارڈ جمع کرایا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارٹی کے آئین میں تبدیلی سے متعلق کوئی خلاف ورزی نہیں کی، الیکشن کمیشن نے ہمیں بغیر سنے فیصلہ دے دیا۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ ہمارے فیصلہ کیخلاف کوئی ریکارڈ جمع کرانا چاہیں تو کرادیں، الیکشن کمیشن نے اپیل کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
