سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادیا۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے شمالی وزیرستان سے ملحقہ پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی ناکام بنادی۔ سیکیورٹی فورسز نے 31 اگست، یکم ستمبر کی درمیانی شب خوارج کی نقل وحرکت کا سراغ لگایا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی 36 گھنٹے تک جاری رہی، سیکیورٹی فورسزنے پیشہ ورانہ مہارت،صبر کے ساتھ خوارج کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز کی مؤثرکارروائی میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی اس امر کا اظہار ہے کہ پاکستان بیرونی پشت پناہی اور ان عناصر کو دستیاب محفوظ پناہ گاہوں کے باوجود دہشتگردی کے خطرے کو مؤثر انداز میں ختم کرنے کی صلاحیت اور عزم رکھتا ہے۔
