سی ایس ایس امتحان کے لیے عمر کی بالائی حد اور شرکت کے مواقع بڑھانے کی سفارش مسترد کردی گئی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سی ایس ایس امتحان کے لیے موجودہ 30 سال کی عمر کی حد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے سی ایس ایس امتحان میں شرکت کی زیادہ سے زیادہ عمر 30 سے بڑھا کر 35 سال کرنے کی سفارش کی تھی۔
قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ نے امتحان میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی بھی سفارش کی تھی۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کی سفارشات کو ناقابلِ عمل قرار دے دیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پارلیمانی کمیٹی کو سی ایس ایس امتحان سے متعلق پالیسی پر اپنا تحریری مؤقف بھی آگاہ کردیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ نے موقف اختیار کیا کہ عمرکی حد یا مواقع کی تعداد بڑھانےکی وفاقی حکومت کے پالیسی دائرہ اختیارمیں آتا ہے، ایف پی ایس سی وفاقی حکومت کی منظور شدہ پالیسی پر عمل درآمد کرتا ہے، ایف پی ایس سی کے 174 ویں اجلاس میں موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ ہوا۔
مراسلے میں کہا گیاہے کہ عمر کی حد بڑھانے سے سی ایس ایس امتحان کےامیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، امیدواروں کی تعداد بڑھنے سے امتحان کے انعقاد اور پیپرز کی جانچ کا بوجھ بڑھے گا، زیادہ چانس دینے امیدوار بار بار امتحان دینے میں اپنے پیداواری سال ضائع کر سکتے ہیں، زیادہ عمر میں سول سروس میں آنے والے افسران کی مؤثرمدت ملازمت کم ہو سکتی ہے، اعلیٰ عہدوں کے لیے تجربہ کار افسران کی طویل المدتی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق اعلیٰ عہدوں کے لیے تجربہ کار افسران کی طویل المدتی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، طویل عرصے تک تیاری کی مالی استطاعت رکھنے والے امیدواروں کو فائدہ ہو سکتا ہے، عمر کی حد بڑھانے سے ریاست کو افسران کی کم مدت تک خدمات حاصل ہو سکیں گی ، عمر کی حد بڑھانے سے کئی افسران 37 سے 38 سال کی عمر میں فیلڈ اسائنمنٹ سنبھال سکتے ہیں
