پشاور: کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ پھندو کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران نورے گینگ کے تین انتہائی مطلوب اور اشتہاری ملزمان کو ہلاک کردیا۔
پولیس کے مطابق خطرناک اشتہاری مجرمان اخون بابا قبرستان کے علاقے میں کسی سنگین واردات کی نیت سے مسلح ہو کر موجود تھے۔ پولیس پارٹی نے علاقے میں کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت گراں ولی ولد شیر علی، علی خان عرف شینا ولد دواں جان، دونوں ساکنان افغانستان، جبکہ ذبیح اللہ ولد قدیم خان، سکنہ مہمند بیری باغ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزمان نورے گینگ سے تعلق رکھتے تھے اور گزشتہ سال جمیل چوک میں گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 6 افراد کے قتل کے مقدمے میں انتہائی مطلوب تھے۔
ملزمان پھندو روڈ پر درج ایک اور قتل کے مقدمے میں بھی مطلوب اور اشتہاری مجرم تھے۔
پولیس کارروائی کے دوران ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور دو پستول برآمد کرلیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کا مزید مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
