تہران: اسرائیلی حملوں کے بعد ایران اور عراق نے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے ہم نےاپنے اہداف پر حملے مکمل کرلیے جبکہ ایرانی فوج کا کہنا ہے اسرائیلی حملوں کا کامیابی سے دفاع کیا گیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایران کے سرکاری میڈیا ایجنسی ارنا کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ترجمان نے ارنا کو بتایا کہ ملک نے تمام پروازیں تاحکم ثانی منسوخ کردی ہیں۔
اس سے پہلے عراق نے بھی اپنی فضائی حدود بند کر نے کا اعلان کیا ہے۔
عراق کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا تھا کہ وہ خطے میں جاری فوجی آپریشن کے پیش نظر ملک کی فضائی حدود کو بند کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی این اے کے حوالے سے بتایا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے باعث تمام ہوائی اڈوں پر فضائی آمدورفت تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہیں۔