ایم ایل ون منصوبے نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا

اسلام آباد: پاکستان ریلوے نے ایشیائی ترقیاتی بین (اے ڈی بی) کے تعاون سے مین لائن (ایم ایل1) اَپ گریڈیشن منصوبے کے کراچی تا روہڑی سیکشن کے لیے دوسری ابتدائی مارکیٹ مشاورت کامیابی سے مکمل کر لی۔
وزارت ریلویز کے مطابق اہم مشاورتی سرگرمی میں قومی و بین الاقوامی کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹس، آلات فراہم کرنے والے اداروں اور مینوفیکچررز کی نمائندگی کرنے والے 134 شرکاء نے شرکت کی۔

ایم ایل 1 کراچی تا روہڑی سیکشن کی اَپ گریڈیشن حکومتِ پاکستان کا ایک ترجیحی منصوبہ ہے، جس کا مقصد ریلوے انفرا اسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ریلوے سروسز کی حفاظت، استعدادِ کار، کارکردگی اور قابلِ اعتماد آپریشنز کو مزید بہتر بنانا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں منصوبے کی تیاری کے عمل کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

مشاورتی عمل کے دوران شرکاء نے منصوبے کے مختلف تکنیکی، انتظامی اور خریداری سے متعلق امور پر اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔ یہ تجاویز منصوبے کی خریداری کی مؤثر حکمتِ عملی وضع کرنے اور تیاری کے عمل کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

مارکیٹ کے نمائندگان کی بھرپور شرکت اور تعمیری تبادلۂ خیال نے اس مشاورتی سرگرمی کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا۔

پاکستان ریلوے کو توقع ہے کہ مارکیٹ کے ساتھ مسلسل مشاورت ایک مسابقتی، شفاف اور مؤثر خریداری کے عمل کو فروغ دے گی۔ اس سے حکومتِ پاکستان، ترقیاتی شراکت داروں، صنعت سے وابستہ اداروں اور بالخصوص عوام کے لیے بہتر اور دیرپا نتائج کے حصول میں مدد ملے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے