″اسلام آباد، 10 ستمبر 2026: پاکستان کی ٹینس برادری، کارپوریٹ سیکٹر، ترقیاتی اداروں اور صحت کے شعبے سے وابستہ رہنماؤں نے اسلام آباد میں منعقدہ رَیلی 4 ہر (Rally 4 Her) C-Level Leadership Meet میں شرکت کی اور خواتین کی ٹینس کے فروغ، کینسر سے آگاہی اور علاج کے لیے مشترکہ تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
موون پک اسلام آباد میں ہونے والی تقریب کی قیادت پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کی۔ انہوں نے رَیلی 4 ہر مہم کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ محض ٹینس ٹورنامنٹ یا فنڈ ریزنگ مہم نہیں بلکہ کھیل، کاروبار، صحت اور کمیونٹی کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے متحد کرنے والا پلیٹ فارم ہے۔
37°North کی جانب سے تیار کردہ اس پلیٹ فارم کے تحت جمع ہونے والے فنڈز میں سے 60 فیصد کینسر سے آگاہی اور علاج جبکہ 40 فیصد پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے فروغ اور ترقی کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
مہم میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک اور پنک ربن پاکستان کو کاز پارٹنرز کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ تقریب میں یونیسیف اور اقوام متحدہ کے انفارمیشن سینٹر کے نمائندگان سمیت مختلف شعبوں کے اعلیٰ عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
اعصام الحق قریشی نے کہا کہ رَیلی 4 ہر کا مقصد کھیل کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے فنڈز جمع کرنا، آگاہی بڑھانا اور پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے لیے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہے۔
یہ مہم ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسلام آباد اکتوبر میں ITF W15 ویمنز ورلڈ ٹینس ٹور کے دو ٹورنامنٹس اور بلی جین کنگ کپ ایشیا/اوشیانا گروپ III سمیت بین الاقوامی خواتین کے ٹینس مقابلوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
تقریب میں کارپوریٹ سیکٹر، ترقیاتی اداروں، مخیر حضرات اور دیگر اداروں پر زور دیا گیا کہ وہ رَیلی 4 ہر کا حصہ صرف اسپانسرز کے طور پر نہیں بلکہ مثبت سماجی تبدیلی کے شراکت دار کے طور پر بنیں۔
خواتین کے ٹینس اور کینسر کے لیے اقدامات ، ’’رَیلی 4 ہر‘‘ کے تحت کارپوریٹ و صحت کے شعبوں کے رہنما ایک پلیٹ فارم پر جمع
