پنجاب کی پانچ بڑی میڈیکل یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کا معاملہ تعطل کا شکار ہوگیا ہے کیونکہ پنجاب حکومت کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر گورنر پنجاب نے دستخط کرنے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے تمام امیدواروں سے خود ملاقات کرکے انٹرویوز لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ہر یونیورسٹی کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے تین، تین امیدواروں کے انٹرویوز گورنر پنجاب خود لیں گے۔
گورنر پنجاب نے تمام امیدواروں کو پیر کے روز ملاقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پانچوں یونیورسٹیوں کے لیے وائس چانسلرز کے پانچ نام تجویز کیے گئے تھے۔ ذرائع گورنر ہاوس کے مطابق امیدواروں سے ملاقات کیے بغیر سمری پر دستخط نہیں کریں گے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہناتھا کہ کسی امیدوار پر تحفظات ہوئے تو پنجاب حکومت کی سمری پر اعتراض لگا سکتا ہوں،سمری پر فیصلہ کرنے کےلیے 15 روز کا وقت ہے۔
پنجاب حکومت نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی،فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وی سیز کی سمری بھیجی تھی ۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز،فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی،راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وی سیز کے نام بھی بھیجے گئے تھے۔
