جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن پر وزیراعظم اورعالمی رہنماؤں کی ملاقاتیں

نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں جاری ہیں۔ کویت کے ولی عہد، آسٹریا کے چانسلر، صومالیہ اور کینیا کے صدور سے ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیراعظم اور گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس کی بھی ملاقات ہوئی ۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہبازشریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات میں تجارت، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے انسانی وسائل کی ترقی اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو کی۔ امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ کینیا کے صدر نے خلیجی خطے اور مغربی ایشیا میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نےپولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت سمیت مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کی شراکت داری کو سراہتے ہوئے صحت، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ بل گیٹس کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے