پاکستان کی کم عمر ترین آرچر عسوہ مرجان نے ماسکو میں قومی پرچم بلند کردیا۔ 14 سالہ عسوہ مرجان نے انٹرنیشنل گریٹر ایشین ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔عسوہ مرجان کا مقابلہ انڈونیشیا اور قازقستان کی ٹاپ آرچرز سے ہوا۔ انہوں نے عالمی سطح کے مقابلے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
عالمی مقابلے میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے پر پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے عسوہ مرجان سے ملاقات کی۔ ماسکو میں ہونے والی ملاقات کے دوران سفیر نے کم عمر آرچر کی حوصلہ افزائی کی۔
فیصل نیاز ترمذی نے عسوہ مرجان کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عسوہ نے کم عمری میں شاندار پرفارمنس دی۔ ان کی کامیابی نے سب کے دل جیت لیے ہیں۔
عسوہ مرجان کا تعلق بھکر سے ہے۔ وہ اس سے قبل بھی عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔کم عمری میں بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنا ان کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔ ان کی حالیہ کارکردگی نے پاکستان کے کھیلوں کے میدان میں ایک بار پھر ملک کا نام نمایاں کیا ہے۔
