ماسکو میں افغانستان سے متعلق آٹھویں ماسکو فارمیٹ مشاورت کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں افغانستان اور خطے کے ممالک نے افغانستان کی صورتحال اور علاقائی تشویش کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم کے معاون خصوصی اور خصوصی نمائندہ برائے افغانستان محمد صادق کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے کی۔ پاکستانی وفد میں روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبید الرحمٰن نظامانی بھی شامل تھے۔
ماسکو فارمیٹ مشاورت میں علاقائی امن و سلامتی پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں افغانستان سے متعلق مشترکہ علاقائی تشویش کا جائزہ لیا گیا۔شرکا نے انسداد دہشت گردی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطے اور علاقائی تعاون کو بھی مشاورت کا حصہ بنایا گیا۔
اجلاس میں اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطہ کاری کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ افغانستان میں امن و استحکام کو خطے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے علاقائی سطح پر مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
پاکستان نے پُرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔ پاکستان کے مطابق مشترکہ سلامتی اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی مذاکرات ضروری ہیں۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے آٹھویں ماسکو فارمیٹ مشاورت کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی اور وفود سے خطاب کیا۔ماسکو فارمیٹ افغانستان کی صورتحال پر علاقائی ممالک کے درمیان مشاورت کا ایک اہم فورم ہے۔ اس پلیٹ فارم پر افغانستان کے امن، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی تعاون سے متعلق امور زیر بحث آتے ہیں۔
