ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں 32 سالہ راجستھانی شخص کو ریاست کرناٹک سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کو مہاراشٹر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزم بھیکھا رام عرف وکرم راجستھان کے علاقے جالور کا رہائشی ہے۔ انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی اطلاع پر حویری میں موجود پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم تقریباً ڈیڑھ ماہ سے وہاں تعمیراتی مقامات پر کام کر رہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ایک علاقائی چینل دیکھتے ہوئے ممبئی پولیس کو فون کر کے دھمکی دی اور خود کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کا مداح بتایا، تاہم مزید تفتیش ممبئی پولیس کرے گی۔ ملزم نے سلمان خان کو پیغام دیا کہ اگر انہیں زندہ رہنا ہے تو 5 کروڑ روپے دیں یا گینگ کے مندر میں معافی مانگیں ورنہ انہیں قتل کردیا جائے گا۔