آسٹریلیا کے ایڈیلیڈ اسٹیڈیم میں پاکستان نے حریف ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی،، تین ون ڈے سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں،،
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
میچ میں پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور ابتدا سے ہی آسٹریلوی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی، پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریسر مک گرج اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا، جیک فریسر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔
محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر اسٹیو اسمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ ایرون ہارڈی اور گلین میکسویل کو حارث نے اپنا شکار بنایا۔ مچل اسٹارک کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا جبکہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز حارث رؤف کے پانچویں شکار بنے جبکہ آخری وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے 5، شاہین شاہ آفریدی نے 2، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک شکار کیا۔ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
یہ 2017 کے بعد پہلی بار آسٹریلوی سرزمین پر آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی پہلی فتح ہے۔ اوپننگ بلے باز صائم ایوب 71 گیندوں پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عبداللہ شفیق 64 رنز اور بابر اعظم 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، شاندار باؤلنگ کرنے پر حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی، شان ایبٹ کی جگہ فاسٹ بالر جوش ہیزل ووڈ کو شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 29 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 26 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، ایک ایک وکٹ محمد حسنین اور نسیم شاہ کے حصے میں آئی۔
ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف پہلا ون ڈے کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے اور پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بولنگ ہی کرتے، ہم نے بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور پہلا ون ڈے جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔
یاد رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔