بھارت کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے،، بھارتی میڈیا کے مطابق آئندہ سال چیمپیئنز ٹرافی کے میچز پاکستان کے بجائے دبئی میں کھیلنے پر تیار ہے
بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی اور اپنے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلنا چاہتی ہے۔
ادھر انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور یہ ہمارا حتمی فیصلہ ہے جو ہم پاکستان کو لکھ کے دے چکے ہیں۔
بھارتی بورڈ کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے میچز دبئی میں رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ بی سی سی آئی نے اپنے تحفظات سےحکام کو آگاہ کردیاکہ وہ نیوٹرل وینیوزپرمیچزکھیلنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے دبئی بہترین جگہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اپنے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کر دیا ہے اور آئی سی سی ایونٹ کے کچھ میچز دبئی میں کھیلے جانے کا قوی امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیش رفت سے آگاہ ذرائع نے کہا کہ جی ہاں، بی سی سی آئی نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے میچوں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، بھارتی بورڈ میچز کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلنا چاہتا ہے اور بھارت کرکٹ ٹیم کے میچز کی میزبانی کے لیے دبئی مضبوط امیدوار ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بیان
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ میرے پاس بی سی سی آئی کا کوئی پرچہ نہیں آیا، بھارتی بورڈ نے اب تک تحریری طور پر کچھ نہیں بتایا ہے، ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہوگی۔