گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کا شکار ہے، سب سے پہلی ترجیح امن ہے،پھر ترقی اور دیگر چیزیں ہیں۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبائی معاملات چلانے کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل کے پہلے اجلاس سے خطاب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایڈوائزری کونسل کے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں، ایڈوائزری کونسل اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کا شکار ہے، صوبے میں غیرمعمولی صورتحال کے پیش نظر اقدامات کیے گئے، صوبے میں امن وامان لے کر آئیں گے، ہمارا پہلا کام صوبے میں امن وامان بحال کرنا ہے، سب سے پہلی ترجیح امن ہے،پھر ترقی اور دیگر چیزیں ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں کرپشن پر زیروٹالرنس ہے، چیزیں فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر ہونی چاہئیں، دیگر صوبوں کی اچھی چیزوں کو فالو کرنے میں کوئی حرج نہیں، سب مل کر صوبے میں امن اور خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے نے دہشتگردی کی جنگ میں بڑی قربانی دی ہے، وقت آگیا ہے کہ صوبے کے عوام کو امن کا حق دیا جائے، ہماری جنگ دہشتگردی کیخلاف ہے، پختون عوام دہشتگردی کا سب سے بڑا شکار ہیں، پولیس کو تمام ضروری وسائل فراہم کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ شورش زدہ اضلاع میں ریاست کی عملداری بہتر کریں گے، دہشتگردوں اور سہولت کاروں تک قانون پہنچے گا، سب سے بڑی ترجیح دہشتگردی کیخلاف کارروائی ہے، صوبے سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گے، قومی ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد ترجیح ہوگی، کل صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوگا، نوجوانوں کو ایسا معاشرہ دیں گے جہاں وہ خواب پورے کرسکیں۔
