بلوچستان: دو ٹریفک حادثات،13 افراد جاں بحق، ہسپتال منتقلی کیلئے چندہ مہم

پولیس حکام کے مطابق دونوں حادثات کوئٹہ کو سبی اور سکھر سے ملانے والی این 65 قومی شاہراہ پر پیش آئے۔

مچھ پولیس کے ڈی ایس پی اکبر بگٹی نے بتایا کہ پہلا حادثہ کوئٹہ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں زمیندار ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں دو مزدا ٹرکوں کے درمیان تصادم کے بعد کوئٹہ سے سبی جانے والی ایک مسافر ویگن بھی ان سے ٹکرا گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تصادم کے نتیجے میں ویگن پل سے نیچے کھائی میں جا گری جس سے جانی نقصان زیادہ ہوا، ایک مزدا ٹرک میں خانہ بدوش خاندان جا رہا تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زخمیوں کو پہلے سول ہسپتال مچھ منتقل کیا گیا جہاں سے بعد ازاں انہیں کوئٹہ بھیجا گیا، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

مچھ کے مقامی شہریوں کے مطابق شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کی ضرورت پیش آئی تاہم ہسپتال میں صرف ایک سرکاری ایمبولینس دستیاب تھی جبکہ دو دیگر سرکاری ایمبولینسیں غیر فعال تھیں، ایمبولینسوں کی عدم دستیابی کے باعث مقامی لوگوں نے چندہ جمع کیا اور زخمیوں کو نجی گاڑیوں کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے جس میں ایک شخص کو جھولی پھیلائے چندہ مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین دور دراز علاقوں کے ہسپتالوں میں ایمبولینس سروس اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

دوسرا حادثہ اسی شاہراہ پر مچھ سے تقریباً 50 سے 60 کلومیٹر دور ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں دربی کے قریب پیش آیا۔

ایس ایچ او ڈھاڈر ارشاد علی کے مطابق کوئٹہ سے سبی جانے والی ایک آلٹو مہران کار اور مزدا ٹرک کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں میاں بیوی اور ان کے بچے شامل ہیں۔ زخمی اور لاشوں کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا گیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے